پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
کاروباری ہفتے کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 3 ہزار 987 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 77 ہزار 873 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اس طرح ایک ہفتے کے دوران انڈیکس میں مجموعی طور پر 2.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری دیکھی گئی جبکہ مختلف شعبوں کے حصص میں خریداری کا رجحان بھی نمایاں رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 427 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مجموعی مالیت بڑھ کر 19 ہزار 336 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی معاشی صورتحال میں بہتری اور بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان جیسے درآمدی ممالک کو ریلیف ملنے کی توقع پیدا ہوتی ہے، جس کے مثبت اثرات سرمایہ کاری کے رجحان پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں تیل سستا، قیمتیں کتنی نیچے آگئیں؟
دوسری جانب آئندہ کاروباری دنوں میں سرمایہ کاروں کی نظریں ملکی معاشی اشاریوں، حکومتی معاشی پالیسیوں اور عالمی مالیاتی صورتحال پر مرکوز رہیں گی۔