عالمی مارکیٹ میں تیل سستا، قیمتیں کتنی نیچے آگئیں؟
مشرق وسطیٰ میں نئی جنگ کے امکانات کم ہونے اور امریکا کی ایران سے متعلق پالیسی کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ 13 نومبر کو عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک سینٹ کی معمولی کمی کے بعد 95.41 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 20 سینٹ یعنی 0.25 فیصد کمی کے بعد 88.52 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں مجموعی طور پر 2.4 فیصد جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں 2.5 فیصد کمی متوقع ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی تھی، جب برینٹ خام تیل 16 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 13 فیصد سستا ہوا تھا۔
تیل کی قیمتوں میں کمی کی اہم وجوہات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران سے متعلق تازہ بیان بھی شامل ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ جنگ کے خاتمے کیلئے ایران کے ساتھ معاہدہ ضروری نہیں۔
اس بیان سے مارکیٹ میں یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ امریکا ایران کی بحری ناکہ بندی اور اقتصادی پابندیاں برقرار رکھ سکتا ہے۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر نئی جنگ کے امکانات کم ہونے سے بھی سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
ماہرین کے مطابق عالمی سیاسی صورتحال اور ایران سے متعلق امریکی پالیسی آئندہ دنوں میں خام تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔