ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
سوئی گیس کی قلت اور کم پریشر کے باعث ایل پی جی استعمال کرنے والے صارفین کو اب یہ ایندھن بھی مہنگے داموں خریدنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت 279 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم شہر کی پرچون مارکیٹ میں یہ 430 سے 480 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی ہے۔ سرکاری نرخ اور مارکیٹ میں وصول کی جانے والی قیمت کے درمیان بڑے فرق نے صارفین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف وہ سوئی گیس کے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں، لیکن کم پریشر اور گیس کی قلت کے باعث کھانا پکانے کیلئے متبادل ایندھن خریدنے پر مجبور ہیں، دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتیں بھی ان کی پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہیں۔
متاثرہ صارفین کے مطابق مہنگائی نے پہلے ہی گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کر رکھا ہے، ایسے میں سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر ایل پی جی کی فروخت عام آدمی کیلئے اضافی مالی بوجھ بن گئی ہے۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ گیس کے بل ادا کرنے کے باوجود انہیں مہنگے داموں متبادل ایندھن خریدنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق لانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:تندور مالکان نے روٹی کی قیمت میں 3 روپے کا اضافہ کردیا
صارفین کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں پر قابو نہ پایا گیا تو محدود آمدن والے خاندانوں کیلئے روزمرہ گھریلو اخراجات پورے کرنا مزید مشکل ہوجائے گا۔