بحری شعبے میں 9 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کی راہ ہموار
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری کے مطابق سرمایہ کاری کی تجاویز میں کارگو ٹرمینل، ایل این جی، آئل اور کنٹینر ٹرمینلز سمیت مختلف منصوبے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جفرافیائی اہمیت کے باعث خلیجی خطے میں عارضی متبادل کے بجائے مستقل علاقائی میری ٹائم ہب بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جنید انور چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ مالی سال بحری شعبے سے تقریبا تھری 39.6 کروڑ ڈالر کا منافع حاصل کیا، جبکہ نیشنل پورٹس ماسٹر پلان کے تحت بنکرنگ سہولیات، آف ڈاک ٹرمینلز اور اضافی ٹرانس شپمنٹ صلاحیت بھی تیار کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حج ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے واجبات کی پہلی قسط کی ادائیگی جاری
وفاقی وزیر کے مطابق حکومت کا مقصد صرف ملکی معیشت میں بحری شعبے کا حصہ بڑھانا نہیں بلکہ اسے زر مبادلہ، صنعتی ترقی اور روزگار کا بڑا ذریعہ بنانا ہے۔
حکومت نے 2047 تک پاکستان کی میری ٹائم معیشت کو 100 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متوقع سرمایہ کاری اور جدید منصوبوں سے پاکستان کو عالمی تجارت، معاشی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کا اہم مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔