خبردار! 5 ہزار کے نوٹوں کے حوالے سے بڑا انکشاف
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا، جس میں ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی۔
ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ مرکزی بینک نے 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ آئندہ نئے کرنسی نوٹ چھاپے جائیں گے تو ان میں 10 روپے کا نوٹ شامل نہیں ہوگا، بلکہ اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عنایت حسین کے مطابق 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی تیاری کی لاگت میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ نوٹ فوری طور پر ختم نہیں ہوگا بلکہ نئے کرنسی نوٹ جاری ہونے کے مرحلے پر 10 روپے کا نوٹ ختم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کا 10 روپے کا نوٹ بند کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں بتایا گیا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کے لیے تیار کیا گیا ڈیزائن وزیر خزانہ کی زیر صدارت قائم کمیٹی نے مسترد کر دیا ہے۔ ڈپٹی گورنر نے کہا کہ کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں نئے فیچرز اور ڈیزائن میں تبدیلی کے لیے تجاویز شامل کی جا رہی ہیں۔
مرکزی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کمیٹی کو بتایا کہ نئے کرنسی نوٹ جاری ہونے کے باوجود جعلی نوٹوں پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکے گا۔ سٹیٹ بینک حکام کے مطابق اس وقت ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ سب سے زیادہ گردش میں ہیں۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے اجلاس کے دوران انکشاف کیا کہ بینکوں اور اے ٹی ایمز سے بھی جعلی کرنسی نکل رہی ہے۔ انہوں نے سٹیٹ بینک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی بینک ان کے 15 ہزار روپے کا قرض دار ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ انہوں نے دو سال قبل سٹیٹ بینک کو تین نوٹ دیے تھے جو اب تک واپس نہیں کیے گئے۔
اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن، جعلی کرنسی کی روک تھام اور 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکے کے اجرا سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔