پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان
کاروباری سرگرمیوں کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 5318 پوائنٹس اضافے کے بعد 1 لاکھ 76 ہزار 339 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں تیزی کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے اور خطے میں کشیدگی میں کمی کی خبروں کو قرار دیا جا رہا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
آج کے کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس نے 1 لاکھ 75 ہزار 153 پوائنٹس کی کم ترین سطح بھی دیکھی، جبکہ بلند ترین سطح 1 لاکھ 76 ہزار 378 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، مارکیٹ میں مختلف شعبوں کے حصص میں خریداری کا رجحان غالب رہا، جس کے باعث انڈیکس میں نمایاں بہتری آئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1 لاکھ 71 ہزار 021 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، نئے ہفتے کے آغاز پر مارکیٹ میں مثبت رجحان نے سرمایہ کاروں کو حوصلہ دیا ہے۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، انٹر بینک میں ڈالر 2 پیسے سستا ہونے کے بعد 277 روپے 85 پیسے پر آگیا، جبکہ 24 جولائی کو ڈالر 277 روپے 87 پیسے پر بند ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر مثبت پیش رفت، سیاسی و معاشی استحکام کی توقعات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری مارکیٹ کے حالیہ رجحان میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔