لاہور میں ہڑتال کی کال پر 375 پٹرول پمپس بند
ایسوسی ایشن کے اعلان کے مطابق شہر بھر میں 375 پٹرول پمپس ہڑتال کے باعث اپنی سرگرمیاں معطل رکھیں گے، جس سے شہریوں کو ایندھن کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
صدر لاہور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن جہانزیب ملک نے بتایا کہ ہڑتال کے فیصلے پر عمل درآمد کے دوران ایسوسی ایشن سے وابستہ تمام پٹرول پمپس بند رہیں گے، تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے براہِ راست چلائے جانے والے تقریباً 150 پٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، جہاں شہری پٹرول اور ڈیزل حاصل کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال کا مقصد ڈیلرز کو درپیش مسائل کی جانب حکومت اور متعلقہ اداروں کی توجہ مبذول کرانا ہے۔
دوسری جانب شہریوں کو غیر ضروری پریشانی سے بچنے کیلئے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایندھن کے حصول کیلئے صرف کھلے پٹرول پمپس کا رخ کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔
ادھر متعلقہ حکام نے صورتحال پر گہری نظر رکھنا شروع کر دی ہے تاکہ شہر میں ایندھن کی فراہمی کا نظام برقرار رہے اور کسی ممکنہ بحران سے بروقت نمٹا جا سکے۔
حکام کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے زیر انتظام پٹرول پمپس کی دستیابی سے شہر میں ایندھن کی مکمل قلت کا خدشہ کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہڑتال طویل ہوئی تو ٹرانسپورٹ، تجارتی سرگرمیوں اور روزمرہ سفر پر اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
شہریوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز باہمی مذاکرات کے ذریعے جلد از جلد مسئلے کا حل نکالیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔