چکن سرکاری نرخوں سے مہنگا فروخت ہونے لگا
مرغی کا گوشت جسے نسبتاً سستا پروٹین سمجھا جاتا تھا،یہ بھی سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت ہونے لگا ہے، جبکہ انڈوں اور دیگر گوشت کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق دیکھا جا رہا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 497 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن اوپن مارکیٹ میں یہی گوشت 520 سے 530 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بیشتر دکاندار سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد نہیں کر رہے، جس کے باعث صارفین کو اضافی قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
اسی طرح چھوٹے گوشت کا سرکاری ریٹ 1600 روپے فی کلو ہے، مگر بازار میں اس کی قیمت 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک وصول کی جا رہی ہے، جبکہ بڑے گوشت کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 1000 سے 1200 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
فارمی انڈوں کی قیمت بھی سرکاری نرخوں سے تجاوز کر گئی ہے، سرکاری فہرست کے مطابق فارمی انڈوں کا ریٹ 243 روپے فی درجن مقرر ہے، لیکن مختلف بازاروں میں یہ 250 سے 255 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت غریب اور متوسط طبقے کیلئے پروٹین کا اہم ذریعہ تھا، لیکن اب وہ بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:محکمہ تعلیم کا 10 ہزار سے زائد ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ
عوام نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، گرانفروشوں کیخلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔