حکومت نے بجلی صارفین کو خوشخبری سنا دی
ترجمان پاور ڈویژن نے بتایا کہ بجلی صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے بوجھ سے بچا لیا گیا ہے ، ایل این جی کی بندش اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود بجلی صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
پاور ڈویژن ترجمان کا کہنا تھا کہ پاور ڈویژن نے صارفین کو ممکنہ 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے بچا لیا ہے، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو 1.73 روپے فی یونٹ کے اضافے پر روکا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی ڈیمانڈ میں اضافے اور سپیشل پیکیج کی بدولت صارفین کو ریلیف دیا گیا ہے ، مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کول پلانٹس کی پیداوار سے لوڈ مینجمنٹ کو کم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو پَر لگ گئے
ان کا کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی میں بجلی صارفین کو 65 ارب روپے کی واپسی ممکن ہوئی ہے ،پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بدولت صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا ،سسہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ انتہائی مشکل حالات کے باوجود مزید ریلیف بھی فراہم کیا ہے ،آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا ،صارفین کو تقریباً 20 پیسے فی یونٹ تک ریلیف ملنے کی توقع بھی ہے۔