حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم لیوی بڑھا دی
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر فی لیٹر لیوی میں 13 روپے 91 پیسے اضافہ کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر عائد لیوی 103 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 117 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر لیوی 28 روپے 69 پیسے سے بڑھا کر 42 روپے 60 پیسے فی لیٹر کر دی گئی۔
اس فیصلے کے بعد ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکومت نے پہلی بار فرنس آئل پر بھی کاربن لیوی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق فرنس آئل پر 2 ہزار 665 روپے فی میٹرک ٹن کے حساب سے کاربن لیوی نافذ کی گئی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں مسلسل اضافہ مہنگائی کے دباؤ کو مزید بڑھا سکتا ہے، جبکہ عام شہری پہلے ہی بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان
دوسری جانب حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اقدامات معاشی استحکام اور محصولات میں اضافے کیلئے ضروری ہیں، تاہم عوامی حلقوں میں اس فیصلے پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔