پاکستان میں مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
خطے میں کشیدہ صورتحال کے اثرات پاکستان میں بھی نظر آنے لگے، ملک میں گزشتہ ماہ کے دوران مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) خطے میں کشیدہ صورتحال کے اثرات پاکستان میں بھی نظر آنے لگے، ملک میں گزشتہ ماہ کے دوران مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کر دی۔

ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق فروری کےمقابلے مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 1.18فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مارچ 2026 میں مہنگائی بڑھنےکی سالانہ شرح 7.30 فیصد ہو گئی جبکہ وزارت خزانہ نے مارچ کےلیے مہنگائی کا تخمینہ 7.5 سے 8.5 فیصد لگایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2025 تا مارچ 2026 میں اوسط مہنگائی 5.67 فیصد رہی ، فروری 2026 میں مہنگائی بڑھنےکی سالانہ شرح 6.98فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ مارچ 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 0.7 فیصد تھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ دیہات میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح0.96 فیصد بڑھی، مارچ2026میں شہری علاقوں میں مہنگائی میں 1.34 فیصد کا اضافہ ہوا ، گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی کی سالانہ شرح 7.17 فیصد رہی جبکہ مارچ میں شہروں میں مہنگائی کی سالانہ شرح 7.39فیصد ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

اس صورتحال پر عوامی سطح پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ، ایندھن اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے، متوسط اور نچلے طبقے کے افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی اور عالمی منڈی میں تیل و اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مزید بڑھیں تو مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جس سے پاکستان کی معیشت پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔