پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔
فوٹو بشکریہ سرکاری میڈیا
اسلام آباد : (سنو نیوز) پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف کی قیادت میں ملاقات کی۔

اعلامیہ کے مطابق نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سی ای او ورلڈ لبرٹی فنانشل زچری وٹکوف نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومت پاکستان اور فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کرپٹو کرنسی صارفین کے لیے بڑی خبر

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے ڈیجیٹل پاکستان کے لیے اپنے وژن کا اظہار کیا جس کا مقصد شہریوں کے لیے روابط، آسان رسائی اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ اور مالیاتی جدت پاکستان کی تیزی سے پھیلتی ڈیجیٹل معیشت کے اہم حصے ہیں، پاکستان تیزی سے عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بن رہا ہے۔

زچری وِٹکوف نے پاکستان کے ساتھ ایک محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگی کے بنیادی ڈھانچے کیلئے کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی جس میں سرحد پار سیٹلمنٹ اور زرمبادلہ کے حصول و ادائیگی کے عمل میں جدتیں شامل ہیں۔

اس کو بھی پڑھیں: بٹ کوئن میں اتار چڑھاؤ، 1لاکھ 21 ہزار ڈالر کا ہدف

وِٹکوف نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کی تعریف کی جو عالمی ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے ملک کو ایک اہم ملک کے طور پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، زچری وِٹکوف نے نیکسٹ جنریشن ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرحد پار مالیاتی جدتوں کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی مارکیٹس میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی کو سراہا۔

خیال رہے کہ فنانشل ٹیکنالوجیز، ورلڈ لبرٹی فنانشل سے منسلک ادارہ ہے، معاہدے کا مقصد سرحد پار لین دین کے لیے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگی کے آرکیٹیکچرز کے بارے میں مکالمے اور تکنیکی سمجھ بوجھ کے تبادلوں کو ممکن بنانا ہے۔