یہ معاہدہ وزارتِ خزانہ اور ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی کے درمیان طے پایا جو ورلڈ لبرٹی فنانشل سے ملحقہ کمپنی ہے، معاہدے پر وفاقی وزیر خزانہ اور ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے دستخط کیے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں فیلڈ مارشل اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے جس سے اس معاہدے کی قومی سطح پر اہمیت واضح ہوتی ہے۔
ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز کے وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں پاکستان کرپٹو کونسل کے چیئرمین بلال بن ثاقب بھی شریک تھے، ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس اور کرپٹو کرنسی کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سوئی ناردرن کو میٹریل کی قلت کا سامنا، 50 ہزار کنکشن نہ لگ سکے
وزارتِ خزانہ کے مطابق معاہدے کے تحت ورلڈ لبرٹی فنانشل پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں شراکت داری کرے گی، پاکستان کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے ایک اہم عالمی مارکیٹ بنانے کی جانب پیش رفت جاری ہے جبکہ کراس بارڈر ڈیجیٹل ادائیگیوں پر بھی تعاون کا آغاز کیا جائے گا۔
وزارتِ خزانہ نے بتایا کہ امریکی کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل نے پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ڈیجیٹل فنانس کے مستقبل کے لیے پاکستان کو ایک اہم ملک قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگا سونامزید مہنگا ہوگیا، نئی قیمت کیا؟
حکومتِ پاکستان نے عالمی فِن ٹیک اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان میں اسٹیبل کوائن کے استعمال سے متعلق بات چیت بھی شروع کی جائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مالیاتی جدت میں آگے بڑھنا چاہتا ہے اور عالمی ڈیجیٹل فنانس میں پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔