نیپرا حکام کے مطابق نیپرا نے 2026 کیلئے حکومتی ڈسکوز اور کے الیکٹرک کیلئے الگ الگ ٹیرف کی منظوری دی تھی ، حکومت نے یکم جنوری 2026 سے ملک بھر کیلئے یونیفارم بجلی ٹیرف کیلئے نیپرا کو درخواست دی تھی،یونیفارم ٹیرف کا مقصد ملک کے تمام گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کیلئے یکساں ٹیرف فراہم کرنا ہے۔
فیصلے کے مطابق وفاقی حکومت تمام کیٹیگریز کیلئے موجودہ ٹیرف برقرار رکھے گی ، حکومت پاور سیکٹر کیلئے 248 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔
نیپرا کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سولر کی وجہ سے بجلی یونٹس کی فروخت کم ہو کر 2026 میں 103 ارب کلو واٹ آورز رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ 2023 میں بجلی یونٹس کی فروخت 113 ارب کلوواٹ آورز تھی، ملک میں آن گرڈ شمسی بجلی کی صلاحیت 6 ہزار 538 میگاواٹ ہے جبکہ آف گرڈ سولر انرجی کا تخمینہ 12 ہزار 629 میگاواٹ ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں کمی کا اعلان
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاور ڈویژن نے حکومتی ڈسکوز کی ریونیو ضروریات کا 2026 میں 142 ارب روپے کی کمی کا اندازہ لگایا ہے ،یہ کمی پاور پرچیز پرائس میں کمی کے باعث ممکن ہوئی، اس سے ٹیرف میں اوسط 0.62 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی، تاہم پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد 95 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 7 لاکھ ہو گئی ہے۔
نیپرا نے پچاس یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 3 روپے 95 پیسے فی یونٹ مقرر کیے ہیں جبکہ سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کے لیے بجلی کا ٹیرف 7 روپے 74 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، ایک سے سو یونٹ استعمال کرنے والے بجلی کے صارفین کے لیے نجلی نرخ دس روپے 54 پیسے فی یونٹ ہوں گے۔
اسی طرح دوسو یونٹ تک بجلی کے نرخ 13 روپے ایک پیسے فی یونٹ ، دو سو ایک سے تین سو یونٹ تک بجلی کے نرخ 28 روپے 91 پیسے ، تین سو ایک سے چار سویونٹ تک بجلی نرخ 37 روپ 99 پیسے ، چار سو ایک سے پانچ سو یونٹ تک بجلی کے نرخ 40 روپے بیس پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
اس کو بھی پڑھیں: صنعتوں کو سستے داموں بجلی فراہم کریں گے، سہیل آفریدی
پانچ سو ایک سے چھ سو یونٹ تک بجلی کے نرخ 41 روپے 62 پیسے ، چھ سو ایک سے سات سو یونٹ تک بجلی کے نرخ 42 روپے 76 پیسے ، سات سو یونٹ سے زائد بجلی کے استعمال پر نرخ 47 روپے 69 فی یونٹ ہوں گے۔
نیپرا کے مطابق تین سو ایک سے چار سو یونٹ تک بجلی کے صارفین پر دو سو روپے فکس چارج بھی لگے گا، چار سو ایک سے پانچ سو یونٹ تک صارفین پر چار سو روپے فکس چارجز لگیں گے جبکہ پانچ سو ایک سے چھ سو یونٹ تک 600 روپے ، چھ سو ایک سے سات سو یونٹ تک آٹھ سو روپے اور سات سو سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین ایک ہزار روپے فکس چارجز ادا کریں گے۔
کمر شل صارفین کے لیے بجلی کا بنیادی نرخ 42 روپے 38 پیسے اور انڈسٹریل صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 30 روپے پانچ پیسے فی یونٹ تک مقرر کیے گئے ہیں جبکہ سنگل سپلائی صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 40 روپے 87 پیسے فی یونٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔