ڈائریکٹر فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں 770 فلور ملز نے گندم کی پسائی شروع کر دی ہے، 770 میں سے 514 فلور ملز سبسڈی شدہ گندم لینے کی اہل قرار پائی ہے، اہل فلور ملز روزانہ سرکاری نرخوں پر گندم وصول کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج 34 ہزار 500 میٹرک ٹن گندم کی پسائی ہوئی جس میں 15 ہزار میٹرک ٹن سبسڈی شدہ ہے، سبسڈی شدہ گندم سے آٹے کے 20 لاکھ تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر فوڈ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج 10 لاکھ 50 ہزار تھیلے کنٹرولڈ نرخوں پر مارکیٹ میں فروخت ہوئے، مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار 810 روپے میں دستیاب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
امجد حفیظ نے کہا کہ سبسڈی لینے والی فعال فلور ملز کی تعداد 415 سے بڑھ کر 514 ہو چکی ہے، آئندہ دنوں میں سبسڈی لینے والی فلور ملز کی تعداد 770 تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر فوڈ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی پالیسی فلور ملنگ سیکٹر میں مؤثر ثابت ہو رہی ہے، پالیسی سے آٹے کی فراہمی، قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف مل رہا ہے، فلور ملز کو فعالیت کے معیار پر پورا اترنا حوصلہ افزا عمل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی سرکاری دستاویزات کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 40 سے لے کر 590 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت ملک میں سب سے زیادہ ہو کر 2 ہزار 893 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی۔
اس کو بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی
اسی طرح راولپنڈی میں آٹے کا تھیلا 2 ہزار 866 روپے 47 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ پشاور میں قیمت 2 ہزار 850 روپے تک جا پہنچی ہے، بنوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 800 روپے، کوئٹہ میں 2 ہزار 660 روپے اور کراچی میں 2 ہزار 600 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح کراچی، پشاور، سکھر اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ سامنے آیا، حیدرآباد اور سیالکوٹ میں 80 روپے، بنوں میں 50 روپے جبکہ لاہور میں 40 روپے تک قیمت بڑھ گئی ہے۔