امریکی نائب صدر نے ایران جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کردیا
انہوں نے زور دیا ہے کہ امریکی حکومت کو بیرونی تنازعات کے بجائے ملک کے معاشی مسائل اور عوامی مشکلات پر توجہ دینی چاہیے۔
امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق جے ڈی وینس نے ایران جنگ کے حوالے سے صدر ٹرمپ سے سیاسی فاصلہ بڑھانے کا تاثر دیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ری پبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کی ایک اہم وجہ بنی، جبکہ امریکی عوام اب اسرائیل کے بجائے اپنے ملکی مفادات کو ترجیح دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
جے ڈی وینس نے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ری پبلکنز اپنی انتخابی مہم کے دوران معاشی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں ناکام رہے۔
ان کے مطابق مہنگائی، عوامی اخراجات اور دیگر معاشی مشکلات ایسے معاملات ہیں جنہیں سیاسی قیادت کو ترجیح دینی چاہیے تھی، تاہم انتخابی مہم میں ان مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔
امریکی نائب صدر کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں انتخابی شکست کی وجوہات پر ری پبلکن پارٹی کے اندر اختلافات مزید واضح ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:یموکریٹس کو ریپبلکنز پر بھاری برتری حاصل
جے ڈی وینس کے اس مؤقف کو صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اہم سیاسی اختلاف قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران جنگ اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر ری پبلکن قیادت میں پالیسی اختلافات شدت اختیار کرسکتے ہیں۔