برطانیہ میں گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے ہو گئیں، دلچسپ وجہ سامنے آگئی
اس تبدیلی کے باعث شہریوں کو ایک اضافی گھنٹہ ملا ہے، تاہم اب شامیں پہلے تاریک ہوں گی۔
واضح رہے کہ برطانوی حکومت کے مطابق ملک میں ہر سال موسم گرما اور سرما کے دوران وقت میں تبدیلی کی جاتی ہے۔
اس روایت کے تحت مارچ کے آخری اتوار کو گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کردی جاتی ہیں، جبکہ اکتوبر کے آخری اتوار کو ایک گھنٹہ پیچھے کرکے گرین وچ مین ٹائم بحال کیا جاتا ہے۔
وقت میں اس تبدیلی کا مقصد دن کی روشنی سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھانا ہے، برٹش سمر ٹائم کے دوران شام کو زیادہ دیر تک روشنی رہتی ہے، جبکہ سرمائی وقت بحال ہونے کے بعد صبح نسبتاً جلد روشنی ہوگی اور شامیں جلد تاریک ہوجائیں گی۔
حکام کے مطابق موبائل فون، کمپیوٹر اور انٹرنیٹ سے منسلک بیشتر جدید آلات کی گھڑیاں خودکار طور پر تبدیل ہوگئی ہیں۔ تاہم روایتی گھڑیاں، دیوار پر لگی گھڑیاں اور بعض گھریلو آلات استعمال کرنے والوں کو وقت خود درست کرنا ہوگا۔
برطانیہ میں وقت کی یہ تبدیلی شہریوں کے روزمرہ معمولات، سفر، کاروبار اور مختلف سرگرمیوں پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔
برطانوی نظام الاوقات کے مطابق 28 مارچ 2027 کو گھڑیاں دوبارہ ایک گھنٹہ آگے کی جائیں گی، جس کے ساتھ برٹش سمر ٹائم کا آغاز ہوگا اور شامیں دوبارہ دیر تک روشن رہیں گی۔