اسکول میں 16 سالہ لڑکے کی فائرنگ سے 3 بچے اور استاد ہلاک
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امریکی حکام نے تحقیقات شروع کر دیں۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ریاست اوریگون کے ایک اسکول میں پیش آیا، جہاں 16 سالہ لڑکے نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔
اس افسوس ناک واقعے میں پانچ، آٹھ اور گیارہ سال کی عمر کے تین بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 54 سالہ استاد بھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں کمسن بچوں کی ہلاکت نے علاقے کی فضا سوگوار کر دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام نے صورت حال کا جائزہ لینا شروع کر دیا، جبکہ حملے کے محرکات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے 16 سالہ لڑکے کو قریب موجود ایک شخص نے گولی مار کر ہلاک کر دیا، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ شخص نے کن حالات میں فائرنگ کرنے والے لڑکے پر گولی چلائی اور واقعے کے پیچھے کیا محرکات تھے۔
امریکی حکام واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ فائرنگ کی وجوہات، حملہ آور کے پس منظر اور اسکول میں پیش آنے والے واقعات کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاناما میں 7.7 شدت کا تباہ کن زلزلہ، عمارتیں منہدم
اسکول میں فائرنگ کے اس واقعے نے بچوں کی حفاظت اور تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے انتظامات سے متعلق خدشات کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔