دہلی: سابق چیف سیکرٹری راکیش مہتا نے خودکشی کر لی
75 سالہ راکیش مہتا 6 ستمبر کو نوئیڈا کے سیکٹر 82 میں واقع اپنے فلیٹ سے مردہ حالت میں پائے گئے۔
بھارتی حکام کے مطابق پولیس کو واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد اہلکار موقع پر پہنچے، جہاں سے مبینہ طور پر ایک خودکشی کا نوٹ بھی برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوٹ میں راکیش مہتا نے اپنی ذہنی حالت اور صحت سے متعلق مسائل کو انتہائی قدم اٹھانے کی وجہ قرار دیا ہے۔
واقعے کے بعد فارنزک ٹیم نے سابق چیف سیکرٹری کے فلیٹ کا معائنہ کیا اور شواہد جمع کیے، واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ مبینہ خودکشی کے نوٹ کے مندرجات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت راکیش مہتا کی اہلیہ سمنتی مہتا ان کے ساتھ موجود نہیں تھیں بلکہ وہ دہرادون میں اپنے بیٹے کے پاس موجود تھیں۔ شوہر کی جانب سے مسلسل فون کالز کا جواب نہ ملنے پر انہیں تشویش ہوئی، جس کے بعد واقعے کا علم ہوا۔
واضح رہے کہ راکیش مہتا بھارتی انتظامی سروس کے 1975 بیچ سے تعلق رکھتے تھے اور دہلی کے چیف سیکرٹری کے اہم عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:تبت میں 5.3 شدت کا زلزلہ، شہری گھروں سے باہر نکل آئے
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کیا، ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت اہلخانہ کے حوالے کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہی حتمی صورتحال واضح ہوسکے گی۔