ایران نے امریکی اڈوں پر جوابی حملہ کر دیا
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق اردن میں امریکی فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل داغے گئے، جبکہ بحرین میں موجود امریکی اڈے کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ عراق کے شہر اربیل میں بھی امریکی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں امریکی فوجی ہلاک ہوئے، تاہم امریکی فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق ایرانی دعوے کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب اردن حکام نے بتایا کہ ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 13 بیلسٹک میزائلوں میں سے 10 کو فضا ہی میں تباہ کردیا گیا، جبکہ 3 میزائل آبادی سے دور علاقوں میں جا گرے، حملوں کے نتیجے میں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ادھر کویت نے بھی ایرانی ڈرون حملے پسپا کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ بحرین کی جانب سے بھی ایرانی ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا کا ایران میں شادی کی تقریب پر حملہ، 5 افراد شہید متعدد زخمی
ایران کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد خطے میں پہلے سے جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کرگئی ہے۔ تازہ صورتحال نے مشرقِ وسطیٰ میں وسیع تر تنازع کے خدشات کو بھی بڑھا دیا ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی اس پیش رفت کو انتہائی تشویش کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔