آبناہے ہرمز میں بارودی سرنگیں، صدر ٹرمپ کا ایک اور دعویٰ
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بحریہ نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی پانیوں سے تمام بارودی سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں یا انہیں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی اسپیس فورس آبنائے ہرمز کے ایک ایک حصے کی نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کے معاملے پر ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی نافذ ہونے کا بھی اعلان کیا۔
امریکی صدر اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کردی ہیں اور گزشتہ ہفتے بھی انہوں نے ایسے ہی دعوے کیے تھے۔
صدر ٹرمپ آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کا دعویٰ بھی کرتے رہے ہیں اور ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی پیش رفت کو اجاگر کرتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ پک ایکس ماؤنٹین پر مجوزہ امریکی حملے کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ ایک انتہائی گہرائی میں قائم جوہری تنصیب ہے، جس کے بارے میں اسرائیل کا مؤقف ہے کہ ایران نے وہاں افزودہ یورینیم کے ذخیرے اور جدید سینٹری فیوجز کا ایک حصہ رکھا ہوا ہے۔
آبنائے ہرمز خلیج فارس اور خلیج عمان کے درمیان ایک اہم بحری راستہ ہے اور عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے اسے انتہائی اہم آبی گزرگاہ سمجھا جاتا ہے۔