سیوریج لائن سے اربوں روپوں کا سونا دریافت
بیلجیئم میں پولیس نے خزانے کے متلاشی افراد سے کہا ہے کہ وہ اس زیر تعمیر عمارت سے دور رہیں جہاں رواں ہفتے تعمیراتی کارکنوں کو مبینہ طور پر ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کا سونا ملا ہے۔ یہ سونا منگل کو مشرقی فلیمش علاقے کے شہر ڈینڈرمونڈ میں ایک عمارت کی مرمت کے دوران اچانک دریافت ہوا۔
پولیس کے مطابق کارکنوں نے ’سونے کی بڑی مقدار‘ ملنے کے بعد انہیں اطلاع دی۔ پولیس نے اپنے فیس بک صفحے پر تقریباً 50 سونے کی سلاخوں اور سونے کے سکوں کے ڈھیروں کی تصاویر بھی جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیرولین لیویٹ کے استعفے کی اصل وجہ کیا؟ بڑا دعویٰ سامنے آگیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 90 لاکھ یورو، یعنی ایک کروڑ چار لاکھ ڈالر، مالیت کی سونے کی سلاخیں اور سکے ایک مقامی فلاحی ادارے سی اے ڈبلیو ایسٹ فلینڈرز کی ملکیت مکان کی مرمت کے دوران تہہ خانے کی دیواروں میں چنے ہوئے ملے۔
پولیس نے کہا کہ سونے کی ’فہرست تیار کرکے اسے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور لوگوں کو باڑ سے بند تعمیراتی مقام سے دور رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سونے جیسا قیمتی مشورہ یہ ہے کہ وہاں جانے کا واقعی کوئی فائدہ نہیں۔‘
ابھی وہ خزانہ ایک فلاحی ادارے کے پاس ہے اور یہ واضح نہیں کہ یہ سونا کس کی ملکیت تھا، البتہ ماضی میں یہ عمارت ایک امیر خاندان کی ملکیت تھی۔
بیلجیئم کے قوانین کے مطابق مالک کی جانب سے اس طرح کے خزانے کو 5 سال کے اندر کلیم کیا جاسکتا ہے، دوسری صورت میں یہ اسے دریافت کرنے والے اور جائیداد کی مالک کے درمیان تقسیم کر دیا جائے گا۔