امریکی اپاچی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 اہلکار ہلاک
امریکی ریاست ٹیکساس میں اپاچی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے 2 امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے/فائل فوٹو
Updated 12 گھنٹے قبل | Published August, 13 2026 |
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں فورٹ ہڈ کے زیرِ انتظام فوجی مشقوں کے دوران اے ایچ 64 اپاچی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا حادثے میں 2 امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حکام کا کہنا ہے ہیلی کاپٹر بیل کاؤنٹی کے ایک کھیت میں گرا جس کے بعد وہاں بڑے پیمانے پر گھاس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کی جگہ ریاستی دارالحکومت آسٹن سے تقریباً 60 میل شمال میں واقع ہے۔
بیل کاؤنٹی شیرف آفس کے ترجمان کلف کولمین نے بتایا کہ حادثے میں سوار دونوں افراد ہلاک ہوئے جس کی تصدیق مقامی جسٹس آف دی پیس نے بھی کی۔
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
فورٹ ہڈ حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی شناخت اہلخانہ کو اطلاع دینے تک ظاہر نہیں کی جائے گی۔
یہ بھِی پڑھیں: ترک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
حادثے کے بعد متعدد مقامی فائر بریگیڈز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔