ترک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
ترک وزارت دفاع کے مطابق حادثہ بدھ کے روز یالووا کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایف 16 طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ حادثے کے دوران پائلٹ نے کامیابی سے طیارے سے باہر نکلنے کے لیے ایجیکشن سسٹم استعمال کیا اور محفوظ رہا۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پائلٹ کو طبی معائنے کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طیارے کے حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
ذہن نشین رہے کہ یالووا استنبول کے جنوب مشرق میں بحیرہ مرمرہ کے ساحل پر واقع ہے۔ ترک خبر رساں ادارے کی جانب سے نشر کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک طیارہ انتہائی کم بلندی پر تیزی سے پرواز کرتا ہوا درختوں کے پیچھے غائب ہوجاتا ہے، جس کے فوراً بعد جائے حادثہ سے سیاہ دھویں کا گہرا بادل اٹھتا دکھائی دیتا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق طیارہ ایک فضائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا، جس کے بعد امدادی ٹیموں کو فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا۔
Turkish Air Force F-16 has crashed in Yalova Province during a training flight.
— Pakistan Strategic Forum (@ForumStrategic) August 12, 2026
The pilot ejected successfully & has survived the crash. pic.twitter.com/HqQFGV2XxM
واضح رہے کہ یہ حالیہ عرصے میں ترک ایف 16 طیارے کا دوسرا بڑا حادثہ قرار دیا جارہا ہے، تقریباً 6 ماہ قبل بھی ایک ترک ایف 16 بلغاریہ کی سرحد کے قریب الرٹ رسپانس مشن کے دوران ٹیک آف کے کچھ دیر بعد حادثے کا شکار ہوگیا تھا، جس میں پائلٹ جانبحق ہوگیا تھا۔
اس سے قبل ترکیہ نے سی 130 مال بردار فوجی طیاروں کی پروازیں بھی معطل کی تھیں، جب آذربائیجان سے واپسی کے دوران ایک سی 130 طیارہ جارجیا میں گر کر تباہ ہوا اور اس میں سوار تمام 20 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔