لائیو نشریات میں نیوز اینکر کو نیند آگئی، ویڈیو وائرل
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے گئے، تاہم بیشتر افراد نے اینکر کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ڈومینک ڈیلن امریکی ٹی وی چینل فاکس 13 کے مارننگ شو گڈ مارننگ میمفس کی اینکر ہیں۔ 29 جولائی کو براہ راست پروگرام کے دوران وہ کیمرے کے سامنے بیٹھی تھیں کہ چند سیکنڈ کے لیے ان کی آنکھیں بند ہوگئیں اور انہیں اندازہ بھی نہ ہوا کہ وہ لائیو نشریات کے دوران سو گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جب ڈومینک نے آنکھیں کھولیں تو انہیں احساس ہوا کہ کیمرہ اس دوران اگلے شاٹ پر منتقل ہوچکا تھا۔ بعد ازاں اینکر نے واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس صورتحال پر شدید شرمندگی محسوس ہوئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسٹوڈیو میں موجود پروڈیوسرز کو بھی ابتدا میں اندازہ نہیں ہوا کہ ڈومینک سو گئی ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ وہ اپنے ٹیبلٹ کی طرف دیکھ رہی ہیں، تاہم بعد میں صورتحال واضح ہوگئی۔
واقعے کی اصل وجہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اینکر کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ ڈومینک دو بچوں کی والدہ ہیں، جن میں بڑی بیٹی دو سال جبکہ چھوٹی بیٹی صرف آٹھ ماہ کی ہے۔
اینکر کے مطابق واقعے سے ایک رات قبل ان کے شوہر ڈبل شفٹ پر تھے، جس کے باعث بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ان پر تھی۔ انہوں نے رات تقریباً 8 بجے بچوں کو سلانے کی کوشش کی، تاہم آٹھ ماہ کی بیٹی دانت نکلنے کی تکلیف کے باعث سو نہ سکی۔
کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد بچی رات ساڑھے 10 سے 11 بجے کے درمیان سوئی، جس کے بعد ڈومینک کو کام پر روانگی سے قبل صرف چند گھنٹے آرام کا موقع ملا۔
واقعے کے بعد صارفین کا کہنا ہے کہ ایک مصروف ماں کے لیے یہ چند لمحوں کی نیند حیران کن ضرور تھی، مگر اس کے پس منظر نے لوگوں کو ان کے ساتھ مزید ہمدردی پر مجبور کر دیا۔