جنوبی بحیرۂ چین میں ویتنامی جہاز ڈوب گیا، متعدد مسافر لاپتہ
تفصیلات کے مطابق حادثہ نانشا جزائر کے قریب یونگشو ریف کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ویتنام کا خوئی نگوین 18 نامی جہاز نامعلوم وجوہات کی بنا پر سمندر میں ڈوب گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی چینی اور ویتنامی ریسکیو اداروں نے فوری طور پر مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح ساڑھے 7 بجے تک 37 افراد کو بحفاظت سمندر سے نکال لیا گیا، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، بچائے جانے والے تمام افراد ویتنامی شہری ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
سرکاری اطلاعات کے مطابق خوئی نگوین 18 پر عملے سمیت مجموعی طور پر 62 افراد سوار تھے، اس حساب سے اب بھی متعدد افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کیلئے ریسکیو ٹیمیں سمندر اور قریبی علاقوں میں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔
چینی حکام نے بتایا کہ سرچ آپریشن میں بحری جہازوں، امدادی کشتیوں اور دیگر جدید وسائل کو استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ لاپتا افراد کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔
دوسری جانب ویتنامی حکام بھی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے شہریوں کی محفوظ بازیابی کیلئے چینی حکام سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، 35 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
تاحال حادثے کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی، تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، ریسکیو آپریشن جاری ہے اور حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ باقی لاپتا افراد کو بھی جلد تلاش کر لیا جائے گا۔