ایران ایک بار پھر زلزلے سے لرز اٹھا
تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یورپی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز مغربی ایران کے شہر کوزران کے قریب واقع تھا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا نے تہران یونیورسٹی کے ایرانی سیسمولوجیکل سینٹر کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے جھٹکے نسبتاً زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 13 منٹ پر آیا، اس کا مرکز کوزران سے تقریباً 17 کلومیٹر جبکہ صوبائی دارالحکومت کرمانشاہ سے لگ بھگ 65 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری خوفزدہ ہو گئے اور بڑی تعداد میں لوگ حفاظتی تدابیر کے طور پر کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا، تاہم اب تک کسی عمارت کے گرنے یا بڑے نقصان کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت سے مفت ای اسکوٹی لینے کی اہلیت اور طریقہ سامنے آگیا
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔