بھارت: بوائے فرینڈ سے ملکر شوہر کے قتل کا منصوبہ بے نقاب
بھارتی میڈیا کے مطابق دیو کمار گنجن بجلی کے محکمے میں ٹیکنیشن تھے اور ٹرین کے ذریعے اپنی اہلیہ سمیتا کماری سے ملنے جارہے تھے کہ کھگڑیا ضلع کے علاقے بدلا گھاٹ کے قریب نامعلوم شخص نے انہیں گولی مار کر قتل کردیا۔
تفتیش کے دوران پولیس کو شبہ مقتول کی اہلیہ پر ہوا تاہم تحقیقات میں معلوم ہوا کہ سیمتا کماری جو کہ سپول میں موٹر وہیکل انسپکٹر تعینات ہیں انکا مبینہ طور پر اجیت کمار نامی شخص سے تعلق تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقتول کو اپنے راستے کی رکاوٹ سمجھتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے واردات کے لیے راجو کمار نامی کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کیں، جس نے ٹرین میں دیو گنجن کو گولی مار کر قتل کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کاروائی کے دوران مقتول کی بیوی اور اسکے مبینہ ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق راجو کمار کا مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے اور وہ اس سے قبل بھی ایک مقدمے میں جیل جا چکا ہے۔