بار میں خوفناک آتشزدگی، 27 افراد ہلاک، 60 سے زائد زخمی
حکام کے مطابق متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تھائی حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کو پیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً رات 12 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی، امدادی ٹیمیں جب موقع پر پہنچیں تو بار کے مرکزی دروازے سے آگ کے بلند شعلے اٹھ رہے تھے، جبکہ اندر موجود افراد جان بچانے کیلئے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ نے چند ہی لمحوں میں پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بعض افراد کے کپڑوں کو بھی آگ لگ گئی، جبکہ دھویں اور شدید گرمی کے باعث متعدد افراد بار کے اندر ہی پھنس گئے۔
تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 27 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائر فائٹرز نے تقریباً 30 منٹ کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، تاہم اس وقت تک عمارت کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا، مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 9 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ای چالان نادہندگان کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن
انتظامیہ نے واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے میں پھنسے ممکنہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام لاپتہ افراد کا سراغ لگانے اور آتشزدگی کی اصل وجہ معلوم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔