ای چالان نادہندگان کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن
ٹریفک پولیس کے مطابق کارروائی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف جاری مہم کے دوران کی گئی۔
ٹریفک انسپکٹر ظہیر عباس نے بتایا کہ معمول کی چیکنگ کے دوران پک اپ گاڑی کا ای چالان ریکارڈ چیک کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ گاڑی کے مالک نے متعدد جرمانے تاحال ادا نہیں کیے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کمرشل پک اپ نے چار مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی تھی، جس پر ہر خلاف ورزی کے لیے 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اس طرح گاڑی پر مجموعی طور پر 60 ہزار روپے کے ای چالان زیر التوا تھے۔
ٹریفک انسپکٹر کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے گاڑی کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے میں بند کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید کارروائی ٹریفک قوانین کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
لاہور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں اے این پی آر کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی 20 سے زائد اقسام کی خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق نادہندہ گاڑیوں کی نشاندہی کے بعد ان کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا بیوروکریسی کے سینئر افسر نے زندگی کا خاتمہ کر لیا
چیف ٹریفک افسر سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، دورانِ سفر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور مقررہ وقت پر ای چالان ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی اور اضافی مشکلات سے بچا جا سکے۔