پرتگال میں آگ بےقابو، ہزاروں ہیکٹر رقبہ جل گیا
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ووژیلا کے قریب جنگلات میں لگنے والی آگ نے تیزی سے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ کے نتیجے میں اب تک کم از کم 6 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ویزیو ضلع میں تقریباً 2 ہزار 400 ہیکٹر جنگلات جل کر راکھ ہو چکے ہیں، جبکہ آگ مسلسل نئے علاقوں کی طرف بڑھ رہی ہے۔ بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر قریبی گاؤں کے ایک حصے سے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
آگ پر قابو پانے کیلئے ایک ہزار سے زائد فائرفائٹرز، 288 امدادی گاڑیاں اور 8 خصوصی طیارے مسلسل آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ امدادی ٹیمیں زمینی اور فضائی دونوں محاذوں پر آگ بجھانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق شدید گرمی، خشک موسم اور تیز ہوائیں آگ پر قابو پانے میں سب سے بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں، جس کی وجہ سے شعلے تیزی سے پھیل رہے ہیں، اگر موسم کی یہی صورتحال برقرار رہی تو مزید علاقوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس 2027 کا مکمل شیڈول جاری
پرتگالی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں سے دور رہیں، حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔