پنجاب: لاہور سمیت مختلف شہروں میں پٹرول کی قلت کا خدشہ
پٹرول پمپس ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف آئل ڈپوز پر کسٹمز اور ایف آئی اے کی ٹیموں کی جانب سے چھاپوں اور اسٹاک چیکنگ کے عمل کے باعث آئل ٹینکرز کی روانگی تاخیر کا شکار ہوئی ہے، اس صورتحال کے نتیجے میں متعدد پٹرول پمپس کو آج معمول کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی موصول نہیں ہو سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے کئی پٹرول پمپس پر صرف آج کے استعمال کے لیے محدود اسٹاک باقی رہ گیا ہے، اگر ڈپوز سے سپلائی بحال نہ ہوئی تو شہر کے مختلف علاقوں میں پٹرول کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے۔
پیٹرول پمپس ذرائع کے مطابق محمود کوٹ اور گھٹی آئل ڈپوز سے آج ایک بھی آئل ٹینکر روانہ نہیں ہو سکا حالانکہ معمول کے دنوں میں ان دونوں ڈپوز سے روزانہ ڈیڑھ سو سے زائد آئل ٹینکرز مختلف شہروں اور پٹرول پمپس کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ صبح سے اب تک ان ڈپوز سے کسی بھی پٹرول پمپ پر آئل ٹینکر نہیں پہنچا جس کے باعث سپلائی چین متاثر ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کا نیا نظام شروع
دوسری جانب آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے پیش نظر بعض پٹرول پمپ مالکان نے بھی معمول سے کم مقدار میں تیل منگوایا تھا جس سے صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آئل ٹینکرز کی روانگی جلد بحال نہ ہوئی تو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پٹرول کی عارضی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔