پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کا نیا نظام شروع
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق اب ٹریفک پولیس اہلکار ون ایپ کے ذریعے شہریوں کے چالان کریں گے اور ہر خلاف ورزی کی موقع پر ویڈیو اور تصویر محفوظ کی جائے گی۔ یہ تمام شواہد ڈیجیٹل ریکارڈ کا حصہ ہوں گے تاکہ کسی بھی شکایت یا اعتراض کی صورت میں مکمل ثبوت دستیاب ہو۔
انہوں نے بتایا کہ چالان جاری ہونے کے بعد شہریوں کو 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں جرمانے کی تفصیلات کے ساتھ ایک لنک بھی شامل ہوگا۔ شہری اس لنک کو کھول کر اپنی ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو یا تصاویر دیکھ سکیں گے، جس سے چالان کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا تنازع کی گنجائش کم ہو جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں اس شواہد پر مبنی چالاننگ سسٹم کا باضابطہ نفاذ کر دیا گیا ہے، اس جدید نظام سے ٹریفک پولیس اور شہریوں کے درمیان غیر ضروری بحث و تکرار میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ قانون پر عمل درآمد بھی زیادہ مؤثر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق نئے نظام سے شہریوں اور ٹریفک پولیس دونوں کا وقت بچے گا، ریکارڈ کی شفافیت میں اضافہ ہوگا اور چالان ادا نہ کرنے والوں کیخلاف مضبوط قانونی کارروائی ممکن بنائی جا سکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر اور قابلِ اعتماد بنایا جائے گا۔