استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر اضافی ڈیوٹی میں کمی کر دی گئی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق نئے ٹیرف کا اطلاق آج سے ہو گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر اب 30 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہو گی جبکہ اس سے قبل یہ شرح 40 فیصد تھی۔
ایف بی آر کے مطابق یہ ریگولیٹری ڈیوٹی گاڑیوں کی درآمد پر پہلے سے عائد ڈیوٹی اور ٹیکسز کے علاوہ وصول کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر عائد اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی کو بتدریج کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ہر سال اس ڈیوٹی میں 10 فیصد کمی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی کو مالی سال 30-2029 تک مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد درآمدی پالیسی کو مرحلہ وار نرم کرنا اور گاڑیوں کی مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سولر پینلز، بیٹریاں اور انورٹرز کی قیمتوں میں نمایاں کمی
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے رواں سال سے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دے رکھی ہے، اس مقصد کے لیے امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ضروری ترامیم کی گئی ہیں تاہم گاڑیوں کی درآمد کو ماحولیاتی اور حفاظتی معیارات کی سخت تعمیل سے مشروط کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق درآمد کی اجازت صرف ان گاڑیوں کے لیے ہو گی جو مقررہ معیار پر پورا اتریں گی۔