پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے اچھی خبر، ہوم ڈلیوری سروس کا آغاز
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے یہ سروس نجی کورئیر کمپنی ٹی سی ایس کے تعاون سے شروع کی ہے۔
نئے نظام کے تحت شہری پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرواتے وقت کوریئر سروس کے ذریعے گھر پر ڈلیوری کا آپشن منتخب کر سکیں گے جس کے بعد تیار پاسپورٹ براہ راست ان کے دیے گئے ایڈریس پر پہنچایا جائے گا۔
اس اہم منصوبے کا اعلان ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا اور ٹی سی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن رضا لغاری کے درمیان ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
معاہدے کے تحت ٹی سی ایس کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا آفیشل سروس پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس سروس کا مقصد شہریوں کو تیز، محفوظ اور آسان طریقے سے پاسپورٹ فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کا وقت بھی بچے اور انہیں دفاتر میں غیر ضروری انتظار سے بھی نجات ملے۔
یہ بھی پڑھیں: پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی سہولت کا اعلان
حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ ہوم ڈلیوری سروس وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے عوامی سہولتوں کو بہتر بنانے کے ویژن کا حصہ ہے جس کے تحت سرکاری سروسز کو مزید آسان اور جدید بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کو کیش لیس کرنے کا اعلان بھی کر چکی ہے، اب ہوم ڈلیوری سروس کے آغاز سے پاسپورٹ کے حصول کا عمل شہریوں کے لیے مزید سہل ہو جائے گا۔