سعودی عرب کی 3 ممالک میں سفر کرنے پر پابندی عائد
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی صحت کے تحفظ اور مملکت کو خطرناک وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق مملکت نے اپنے شہریوں کے جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان کے سفر پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان ممالک سے آنے والے افراد کیلئے ہر قسم کے ویزوں کے اجرا اور سعودی عرب میں داخلے کو بھی فی الحال معطل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق نئی پابندیاں صرف براہِ راست سفر کرنے والوں تک محدود نہیں ہوں گی بلکہ ایسے افراد پر بھی لاگو ہوں گی جو کسی تیسرے ملک کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں، لیکن مملکت میں داخل ہونے سے قبل گزشتہ 21 دنوں کے دوران ان تینوں ممالک میں قیام کر چکے ہوں۔
سعودی پبلک ہیلتھ اتھارٹی وقایہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مملکت کا صحت عامہ سے متعلق نگرانی اور ہنگامی ردعمل کا نظام مکمل طور پر فعال ہے اور قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، ان اقدامات کا مقصد شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
وقایہ نے مزید بتایا کہ سعودی عرب اس سے قبل بھی وبا سے متاثرہ علاقوں کے پڑوسی ممالک، جن میں روانڈا، برونڈی، تنزانیہ اور جمہوریہ کانگو (برازاویل) شامل ہیں سے آنے والے مسافروں کیلئے اضافی احتیاطی اقدامات نافذ کر چکا ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ مملکت میں صحت عامہ کی مجموعی صورتحال مستحکم ہے اور 2019 کے بعد سے اب تک ایبولا وائرس کا کوئی مصدقہ یا مشتبہ کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران نے بحرین میں امریکی تنصیبات پر حملہ کر دیا
واضح رہے کہ ایبولا وائرس پہلی بار 1976 میں جمہوریہ کانگو اور سوڈان میں شناخت کیا گیا تھا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وائرس میں اموات کی شرح اوسطاً تقریباً 50 فیصد تک ہو سکتی ہے، جبکہ مختلف وباؤں کے دوران ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔