امریکا میں ایک اور طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ٹیکساس کی فضائی حدود میں داخل ہوا ہی تھا کہ اچانک کنٹرول کھو بیٹھا اور مصروف ہائی وے پر آ گرا۔ طیارے میں مجموعی طور پر 6 افراد سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات ابھی واضح نہیں ہو سکیں تاہم ابتدائی طور پر تکنیکی خرابی یا ممکنہ انجن فیل ہونے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے، امریکی ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حادثے کے بعد ہائی وے پر ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی اور کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
ذہن نشین رہے کہ چند روز قبل بھی امریکی ریاست میسوری میں ایک افسوسناک طیارہ حادثہ پیش آیا تھا جس میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اس حادثے میں اسکائی ڈائیورز اور پائلٹ سمیت تمام مسافر جان کی بازی ہار گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل نہ رکا تو بھرپور اور سخت جواب دیں گے، ایران
اسی طرح امریکی میرین کور کا ایف اے-18 ہارنیٹ جنگی طیارہ بھی حال ہی میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، تاہم اس واقعے میں پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لی تھی۔