نئے اسلامی سال کے آغاز پر کتنی چھٹیاں ہوں گی؟
کویتی کابینہ نے چاند کی رویت اور ذوالحجہ کے مہینے کی مدت کے مطابق تعطیلات کے مختلف شیڈول پر غور کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قائم مقام وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف سعود الصباح کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں نئے ہجری سال کی سرکاری تعطیلات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ تعطیلات کا حتمی اعلان ذوالحجہ کے مہینے کے اختتام اور چاند نظر آنے پر کیا جائے گا۔
کابینہ کے مطابق اگر ذوالحجہ 29 دن کا ہوتا ہے تو نئے اسلامی سال کی سرکاری تعطیل منگل 16 جون کو ہوگی۔ اس روز تمام وزارتیں، سرکاری دفاتر، عوامی ادارے اور کارپوریشنز بند رہیں گے جبکہ معمول کی سرگرمیاں بدھ 17 جون سے دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔
دوسری جانب اگر ذوالحجہ 30 دن کا مکمل مہینہ ثابت ہوتا ہے تو سرکاری تعطیل بدھ 17 جون کو ہوگی۔ اس صورت میں جمعرات 18 جون کو بھی آرام کا دن قرار دیا جا سکتا ہے، جس کے بعد سرکاری دفاتر اور ادارے اتوار 21 جون کو دوبارہ کھلیں گے، یوں سرکاری ملازمین کو طویل تعطیلات کا فائدہ حاصل ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اب دبئی جانا مزید آسان، ویزا کے حوالے سے بڑی خبر
کابینہ نے یہ بھی واضح کیا کہ ایسے ادارے جو عوامی خدمات اور ضروری آپریشنز سے وابستہ ہیں، وہ اپنی انتظامی ضروریات کے مطابق متعلقہ حکام کے تعاون سے تعطیلات کا شیڈول خود ترتیب دے سکیں گے تاکہ عوامی خدمات کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔