پولیس کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا

France Police Helicopter Crash
فائل فوٹو
Updated | Published June, 8 2026 |
پیرس:(ویب ڈیسک) فرانس میں پولیس کا ایک ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو دیگر اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی حکام کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر ایک لاپتہ شخص کی تلاش کے سرچ اینڈ ریسکیو مشن پر تھا کہ اچانک مشن کے دوران اس کا رابطہ زمینی کنٹرول سے منقطع ہو گیا اور یہ جنوب مشرقی علاقے کے ایک جنگل، برے سینٹ ایگنان میں جا گرا۔ حادثے کے فوراً بعد علاقے میں دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔

فرانس کے وزیر داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں ایڈجوٹنٹ ڈورین لارگاؤڈری موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ہیلی کاپٹر کے پائلٹ اور مکینک کو انتہائی تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس میں تقریباً 55 فائر فائٹرز اور 44 امدادی گاڑیاں شامل تھیں۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر آگ بجھانے اور زخمیوں کو نکالنے کا کام شروع کیا۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر میں تین اہلکار سوار تھے، تاہم حادثے کی اصل وجہ ابھی تک سامنے نہیں آ سکی۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی سپریم لیڈر چاہیں تو ان سے بات کرنے کو تیار ہوں، ٹرمپ

 

 

 

فرانسیسی حکومت نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت کی جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔