آندھرا پردیش حکومت کا چوتھے بچے کی پیدائش پر نقد انعام کا اعلان
بھارتی میڈیا کے مطابق آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے اعلان کیا ہے کہ جس خاندان کے ہاں تیسرا بچہ پیدا ہوگا اسے 30 ہزار بھارتی روپے دیے جائیں گے جبکہ چوتھے بچے کی پیدائش پر 40 ہزار بھارتی روپے کی رقم فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کا کہنا ہے کہ ریاست میں شرحِ پیدائش میں کمی ایک سنجیدہ مسئلہ بنتا جا رہا ہے جس پر بروقت توجہ نہ دی گئی تو مستقبل میں آبادی کے توازن اور سماجی ڈھانچے پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی حالات بہتر ہونے کے باوجود زیادہ تر جوڑے اب صرف ایک بچے تک محدود رہنے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ کئی خاندان دوسرے بچے کے بارے میں بھی صرف اس صورت میں سوچتے ہیں جب پہلا بچہ بیٹا نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ اگر شرحِ پیدائش اسی طرح کم ہوتی رہی تو آنے والے برسوں میں نوجوان آبادی کی تعداد کم اور بزرگ افراد کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے جس سے ریاست کے معاشی اور سماجی نظام پر دباؤ بڑھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نئے وزیراعلیٰ وجے کا شراب کی دکانیں بند کرنے کا حکم
آندھرا پردیش حکومت کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد خاندانوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینا اور ریاست میں آبادی کے طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
ریاستی حکومت کے مطابق آبادی کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے شرحِ پیدائش میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔