نئے وزیراعلیٰ وجے کا شراب کی دکانیں بند کرنے کا حکم

نئے وزیراعلیٰ ریاست تامل ناڈو اداکار جوزف وجے
ریاست تامل ناڈو کے نئے وزیراعلیٰ اداکار جوزف وجے نے ریاست میں شراب کی 717 سرکاری دکانیں بند کرنے کا حکم دیا/ فائل فوٹو
Updated | Published May, 13 2026 |
(ویب ڈیسک) جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے نئے وزیراعلیٰ اداکار جوزف وجے نے ریاست میں شراب کی 717 سرکاری دکانیں بند کرنے کا حکم دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوزف وجے نے ریاست بھر میں مندروں، سکولوں اور بس اسٹینڈز کے 500 میٹر کے اندر 717 سرکاری شراب کی دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ دکانیں تامل ناڈو اسٹیٹ مارکیٹنگ کارپوریشن کے ذریعے چلائی جاتی ہیں اور یہ ریاستی حکومت کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہیں، ان دکانوں کو 2 ہفتوں کے اندر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ کے اس فیصلے پر سینئر اداکار اور پروڈیوسر کمل ہاسن اور اداکار وشال نے نومنتخب وزیراعلیٰ کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اس فیصلے پر ان کے شکر گزار ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

ایکس پر جاری بیان میں کمل ہاسن نے کہا کہ میں آپ اور آپ کی حکومت کو سلام پیش کرتا ہوں، شراب کی فروخت حکومت کا کام نہیں ہونا چاہیے، تامل ناڈو حکومت کو اسی سمت میں آگے بڑھنا چاہیے، آج اس کا آغاز 717 شراب کی دکانیں بند کر کے کیا گیا، اس تعداد میں مزید اضافہ ہونا چاہیے، یہ کارروائی مسلسل جاری رہنی چاہیے۔

اداکار وشال نے بھی اس فیصلے پر وجے کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ وہ ایک ایسی طالبہ کو جانتے ہیں جس نے شکایت کی تھی کہ اسے شراب کی دکانوں کے قریب سے گزرتے ہوئے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ وشال کا کہنا تھا کہ وہ اور بے شمار عام لوگ آپ اور آپ کے اس فیصلے کو سراہیں گے، ہمارے وزیراعلیٰ کے اس فیصلے نے مجھ سمیت بے شمار لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔

واضح رہے ریاستی انتخابات میں وجے کی ٹی وی کے پارٹی 108 نشستیں حاصل کرتے ہوئے واحد بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔ 234 کے ایوان میں اکثریت کے لیے انہیں 118 نشستیں درکار تھیں جو کہ انہیں حلیف جماعتوں کی مدد سے حاصل ہوئیں جس کے بعد جوزف وجے وزیراعلیٰ بننے میں کامیاب ہوگئے۔