چین میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی

China Earthquake
فائل فوٹو
Updated | Published May, 18 2026 |
بیجئنگ: (ویب ڈیسک) چین کے جنوب مغربی علاقے گوانگشی میں آنے والے شدید زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں، زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز لیوژو شہر کے لیونان ضلع میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کم گہرائی کے باعث زلزلے کے جھٹکے زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے، جس سے رہائشی علاقوں میں خوف و بے چینی پیدا ہوگئی۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 13 عمارتیں منہدم ہو گئیں جبکہ کئی مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ایک شخص تاحال لاپتہ ہے، جس کی تلاش کیلئے ریسکیو ٹیمیں سرگرم ہیں، امدادی اہلکار ملبے تلے دبے ممکنہ متاثرین کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی ائیر شو کے دوران دو جنگی طیارے تباہ، ویڈیو وائرل

ماہرین کے مطابق زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آنے کا امکان بھی موجود ہے، جس کے باعث مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔