امریکی ائیر شو کے دوران دو جنگی طیارے تباہ، ویڈیو وائرل

US Air Show Crash
فائل فوٹو
Updated 9 گھنٹے قبل | Published May, 18 2026 |
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست آئیڈاہو میں ہونے والے ایک ائیر شو کے دوران امریکی بحریہ کے دو جدید لڑاکا طیارے فضا میں آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب امریکی نیوی کے دو EA-18G گرولر طیارے فضائی مظاہرہ کر رہے تھے، تصادم کے نتیجے میں دونوں طیارے بے قابو ہوکر زمین پر جا گرے اور مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق حادثہ ماؤنٹین ہوم ائیر فورس بیس سے تقریباً دو میل کے فاصلے پر پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔

خوش قسمتی سے دونوں طیاروں میں موجود چاروں پائلٹس نے بروقت ایمرجنسی ایجیکشن کے ذریعے خود کو باہر نکال لیا، تاہم ان کی صحت سے متعلق مکمل تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

حادثے کے فوراً بعد امدادی اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت ماؤنٹین ہوم ائیر فورس بیس کو عارضی طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا۔

حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش شروع کردی ہے کہ آیا حادثہ تکنیکی خرابی، رابطے میں مسئلے یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔

فضائی دفاعی ماہرین کے مطابق جدید جنگی طیاروں کے درمیان اس نوعیت کے حادثات انتہائی غیر معمولی سمجھے جاتے ہیں، جس کے باعث واقعہ امریکی فوجی حلقوں میں تشویش کا باعث بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکہ اور اسرائیل کی ایران پر نئے حملوں کی تیاری؟

 

 

 

 

 

حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی مختلف ویڈیوز اور تصاویر گردش کر رہی ہیں، جبکہ عوام مزید سرکاری معلومات کے منتظر ہیں۔