ایرانی جہاز ناکہ بندی قریب بھی آئے تو تباہ کر دیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایرانی جہاز ہماری ناکہ بندی کے قریب بھی آئے تو انہیں تباہ کر دیں گے۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایرانی جہاز ہماری ناکہ بندی کے قریب بھی آئے تو انہیں تباہ کر دیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی بحریہ سمندر کی تہہ میں پڑی ہے اور مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے، ایرانی بحریہ مکمل طور پر سمندر میں تباہ کر دی، ایران کے 158 بحری جہاز تباہ کیے۔

انہوں نے کہا کہ صرف چھوٹی کشتیاں چھوڑی ہیں،جنہیں یہ تیز رفتار حملے کرنے والی کشتیاں قرار دیتے ہیں، چھوٹی کشتیوں کو ہم خطرہ نہیں سمجھتے، سمندرمیں منشیات سمگلنگ کے خلاف بھی سخت کارروائی جاری ہے، بحری راستوں سے امریکہ آنے والی 98 فیصد منشیات روک دی گئیں۔

خیال رہے کہ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے ایران کے سمندری راستوں کی ناکہ بندی شروع کر دی ہے، صدر ٹرمپ نے پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 7 بجے ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔

امریکی فوج کے مطابق محاصرہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں خلیج عمان اوربحیرہ عرب تک نافذ ہو گا، ناکہ بندی کا عارضی نفاذ جہازوں کی ایرانی پورٹس میں آمدورفت پر ہو گا، خلیج عرب و خلیج عمان میں ایرانی پورٹس سے آنے جانے والے جہازوں پر بھی اس کا نفاذ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا آبنائے ہرمز سے گزرنیوالے ہر جہاز سے ٹیکس وصول کرنیکا اعلان

امریکی فوج کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ناکہ بند علاقے میں بغیر اجازت داخل ہونے یا نکلنے والے کسی بھی جہاز کو روکا، موڑا یا قبضے میں لیا جائے گا۔

سینٹ کام حکام کے مطابق کسی بھی فرم کا جہاز ہو سب پر احکامات لاگو ہوں گے، غیر جانبدار جہاز اب بھی تلاشی اور معائنے کے بعد سفر جاری رکھ سکتے ہیں، انسانی ہمدردی کی ترسیلات کو معائنے کے بعد اجازت دی جائے گی، جو جہاز ایران نہ جا رہا ہو یا ایران سے نہ نکلا ہو وہ سفر کر سکتا ہے۔