اسرائیلی حملے میں زخمی ایرانی رہنما کمال خرازی انتقال کر گئے
Kamala Kharrazi death
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ایران کی اسٹریٹجک کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سربراہ اور سابق وزیر خارجہ کمال خرازی 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وہ اس سے قبل مبینہ امریکی اور اسرائیلی حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ 2 اپریل کو تہران میں ان کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کمال خرازی اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوئیں، بعد ازاں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج رہے، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق کمال خرازی ایران کی خارجہ پالیسی سازی میں ایک اہم شخصیت تصور کیے جاتے تھے، وہ نہ صرف اسٹریٹجک کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سربراہ تھے بلکہ ملک کی اعلیٰ قیادت کو خارجہ پالیسی سے متعلق سفارشات بھی فراہم کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:روس اور یوکرین میں جنگ بندی کا اعلان

وہ ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر بھی رہ چکے تھے اور نئے سپریم لیڈر کے دور میں بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ وہ 1997 سے 2005 تک اصلاح پسند صدر محمد خاتمی کے دور میں ایران کے وزیر خارجہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔