گھر بیٹھے شناختی کارڈ و دیگر دستاویز کی گمشدگی رپورٹ کی سہولت متعارف
پنجاب حکومت نے گھر بیٹھے شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری کاغذات کی گمشدگی رپورٹ کا اندراج کرانے کی سہولت متعارف کرا دی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے گھر بیٹھے شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری کاغذات کی گمشدگی رپورٹ کا اندراج کرانے کی سہولت متعارف کرا دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس پاکستان ایپ کا افتتاح کر دیا، ایپ کے ذریعے صوبہ بھر میں ہر شہری گھر بیٹھے قیمتی دستاویزات کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرا سکے گا۔

ضروری دستاویزات گم ہونے پر پولیس اسٹیشن یا خدمت مرکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، پنجاب پولیس پاکستان ایپ پر اندراج کے بعد گمشدگی ایف آئی آر بھی گھر پر ہی موصول ہو گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس پاکستان ایپ کے اجراء پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کے لئے آسانی پیدا کرنا ہمارا عزم ہے، پنجاب کو جدت کی راہ پر گامزن کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا اس حوالےسے مزید کہنا تھا کہ ایپ کے ذریعے گمشدگی رپورٹ درج کرانے پر وسائل اور وقت دونوں کی بچت ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کی شہریوں کو شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے قبل تجدید کی ہدایت

اس جدید سہولت کا مقصد شہریوں کو فوری اور آسان رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بغیر کسی تاخیر کے اپنی دستاویزات کی گمشدگی کی اطلاع دے سکیں۔

ایپ میں سادہ طریقہ کار رکھا گیا ہے جس کے تحت صارفین اپنی بنیادی معلومات درج کر کے چند منٹ میں درخواست جمع کرا سکتے ہیں، اس کے علاوہ درخواست کی صورتحال بھی آن لائن چیک کی جا سکتی ہے، جس سے شفافیت اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔