ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں، رنگ روڈ پر جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں پر عام شاہراہوں کے بعد اب رنگ روڈ پر بھی جرمانوں میں بھاری اضافے کا فیصلے کر لیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں پر عام شاہراہوں کے بعد اب رنگ روڈ پر بھی جرمانوں میں بھاری اضافے کا فیصلے کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق رنگ روڈ پر 2 ہزار روپے سے 10 ہزار روپے تک کے جرمانے کیے جائیں گے ، رنگ روڈ پر ون وے کی خلاف ورزی پر 5 ہزار روپے جرمانہ اور ایف آئی آر کا اندراج ہو گا، پیدل گزرنے والوں کے خلاف جرمانہ 200 روپے سے بڑھا کر جرمانہ 2 ہزار روپے تک کیا جائے گا۔

اسی طرح بغیر ٹول پلازہ ادا کیے رنگ روڈ پر جانے والے اور آہستہ چلنے والی گاڑیوں کو 5 ہزار روپے جرمانہ ہو گا ، اوور لوڈنگ پر بھی کمرشل وہیکلز کو بھاری جرمانے ہوں گے، دیگر خلاف ورزیوں پر کمرشل ونان کمرشل وہیکلز پر ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق جرمانے ہوں گے۔

حکام کا بتانا ہے کہ رنگ روڈ پر ابھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 200 روپے سے لے کر 2 ہزار روپے تک کے جرمانے کیے جارہے ہیں ، رنگ روڈ حکام کی جانب سے جرمانوں میں اضافے کی سمری ازسر نو ترامیم کر کے جلد حکومت کو بھجوا دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شہری کو 2 سال سے گھر پرکھڑی موٹرسائیکل کا چالان موصول

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہی این ایچ اے کی جانب سے قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ کیا گیا تھا تاہم وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ہدایت ٹول ٹیکس میں کیا گیا اضافہ واپس لے لیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں شہریوں پرمزید بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا، عوام پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں،وزیر اعظم کی ہدایت پر عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے جو بھی ہو سکا کریں گے۔