امریکی نائب صدر اور ایرانی اعلیٰ شخصیات آج پاکستان پہنچیں گی
US Iran talks Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان آج اہم سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے جا رہا ہے جہاں امریکا اور ایران کی اعلیٰ قیادت کے اہم وفود پہنچ رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی آج اسلام آباد پہنچیں گے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی نائب صدر کے ہمراہ اہم شخصیات سٹیو وٹکوف اور جیریڈ کشنر بھی پاکستان آئیں گے، جہاں وہ ایرانی وفد کے ساتھ ممکنہ مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

اس سے قبل امریکی وفد کے 23 رکنی معاون عملے کے ارکان پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جن میں سکیورٹی ماہرین اور دیگر حکام شامل ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باوجود مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس اہم سفارتی عمل میں ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے، جو خطے میں امن کے قیام کیلئے ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ پہلے ہی اعلان کر چکی ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے اپنی ٹیم اسلام آباد بھیج رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لبنان پر اسرائیلی حملے، ایران کا جنگ بندی سے دستبرداری کا عندیہ

 

 

 

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی پاکستانی وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے کہ ایران کا وفد مذاکرات کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی یہ ممکنہ ملاقاتیں نہ صرف امریکا اور ایران کے تعلقات پر اثر انداز ہوں گی بلکہ پورے خطے کی سیاسی صورتحال میں بھی اہم تبدیلیاں لا سکتی ہیں۔