غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے باجود صہیونی فورسز کے لبنان میں حملے جاری ہیں جن کے نتیجے میں متعدد لبنانی شہری شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق جنگ کے دوران اب تک کی سب سے بڑی اور مربوط کارروائی میں لبنانی دارالحکومت بیروت، وادی بقاع اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 100 سے زائد کمانڈ سینٹرز اور فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق عارضی جنگ بندی کے باوجود دہشت گرد اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری ہیں جن میں 87 افراد شہید جبکہ 700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی سپریم لیڈر کا جنگ بندی پر حملے روکنے کا حکم
اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملے ایران امریکا عارضی سیز فائر کا حصہ نہیں، حزب اللہ کی وجہ سے ایران امریکا معاہدہ میں لبنان کے تنازع کو شامل نہیں کیا گیا۔
ادھر ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر اسرائیل نے لبنان پر حملے جاری رکھے تو تہران جنگ بندی معاہدے سے دستبردار ہو سکتا ہے۔
خبررساں ادارے نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس امکان پر غور کر رہا ہے کہ اگر صہیونی فورسز کی لبنان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں تو جنگ بندی سے علیحدگی اختیار کی جائے۔