ایم بی بی ایس کے نصاب میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری
MBBS curriculum
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم بی بی ایس کے نصاب میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔

یہ فیصلہ بورڈ آف اسٹڈیز اِن میڈیسن کے 54ویں اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وائس چانسلر احسن وحید راٹھور نے کی۔ اجلاس میں بورڈ کی کنوینر پروفیسر زہرہ خانم اور ملحقہ میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز نے بھی شرکت کی۔

نئے نصاب کے تحت پیڈیاٹرکس کو فائنل ایئر میں گائناکالوجی کے برابر کر دیا گیا ہے اور اس کے کل نمبر 200 سے بڑھا کر 300 کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ تبدیلی متعلقہ فیکلٹی کونسل کی سفارشات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیول سبسڈی ایپ لانچ، ادائیگیاں آج سے شروع

موجودہ تعلیمی سال سے پیڈیاٹرکس میں دو تھیوری پیپر شامل ہوں گے جو مکمل طور پر ملٹی پل چوائس سوالات پر مبنی ہوں گے۔ پروفیسر راٹھور نے کہا کہ یہ تبدیلی بچوں کی صحت کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے کیونکہ آبادی کا ایک بڑا حصہ بچوں پر مشتمل ہے۔

اجلاس میں کمیونٹی میڈیسن کے نصاب میں بھی تبدیلیوں کی منظوری دی گئی جس کے تحت ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت کو لازمی جزو قرار دیا گیا ہے۔ مزید یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ چوتھے سال کے ایم بی بی ایس طلبہ کو اپنی تربیت کے دوران ویکسینیشن مراکز، نوزائیدہ بچوں کے یونٹس اور فیملی پلاننگ مراکز کے مطالعاتی دورے کروائے جائیں گے۔